حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ میں پاکستانی طلبہ تنظیموں کی جانب سے رہبرِ انقلابِ اسلامی آیت الله العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی حمایت اور ان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں مختلف طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پریس کانفرنس سے طلبہ انجمنوں کے نمائندوں نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ ہم امریکی صدر کی جانب سے رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای کو دی جانے والی دھمکی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ گستاخانہ اقدام نہ صرف ایک مذہبی اور سیاسی رہنما کی توہین ہے، بلکہ امت اسلامیہ کے تشخص، وقار اور عقائد پر بھی واضح حملہ ہے اور عالم اسلام میں ریاستی دہشت گردی اور امریکی تسلط کی پالیسیوں کے تسلسل کی نشاندہی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم تاکید کرتے ہیں کہ اس طرح کے خطرات خطے کو عدم استحکام، سلامتی کے بحرانوں اور بے قابو کشیدگی کے راستے پر ڈال دیں گے اور ان کے خطرناک نتائج اسلامی ممالک میں امریکہ کے مفادات اور موجودگی کو نشانہ بنائیں گے؛ خاص طور پر پاکستان جیسے ممالک میں، جن کے لوگوں کے مرجعیت اور انقلابِ اسلامی کے ساتھ گہرے نظریاتی تعلقات ہیں۔

قم میں مقیم پاکستانی طلباء نے رہبرِ انقلابِ اسلامی اور اسلامی مزاحمتی محاذ کی بھرپور اور جامع حمایت کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ:
ولایتِ فقیہ پر حملہ امت اسلامیہ پر حملہ ہے۔
عالم اسلام کے رہبر کے لیے خطرہ علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
عالمی استکبار جان لے کہ ڈرانے دھمکانے کا دور ختم ہو چکا ہے۔









آپ کا تبصرہ